استشراق کے متعلق اقبال کے تاثرات
پروفیسر ٹی ڈبلیو آرنلڈ مشہور مستشرق اور فلسفے میں اقبال کے استاد تھے ۔ سید نذیر نیازی نے ایک جگہ آرنلڈ کی وفات کے بعد ہونے والی گفتگو کا یوں ذکر کیا ہے : " ۱۷ کی صبح کو میں لاہور پہنچا ۔ حضرت علامہ ایک طرح سے منتظر ہی تھے ۔ ان کی خدمت میں حاضر ہوا تو اول ڈاکٹر انصاری مرحوم اور غازی موصوف کی خیریت مزاج دریافت کرتے رہے ، پھر احباب جامعہ بالخصوص ذاکر صاحب، عابد صاحب اور مجیب صاحب کا پوچھا ۔ باتوں باتوں میں ترکوں اور ترکی سیاست کا ذکر آ گیا اور پھر اس سلسلے میں نہ معلوم کس طرح اس روز کے اخبار کا ۔ میں نے عرض کیا آرنلڈ کاتو آپ نے سن ہی لیا ہو گا۔ متعجب ہو کر فرمایا: کیا؟ میں نے کہا صبح کے اخبار میں ان کے انتقال کی ۔۔۔ بس اتنا کہنا تھا کہ حضرت علامہ کی آنکھیں اشکبا ر ہو گئیں اور پھر سر جھکا کر چند لمحے خوب روئے ۔ یوں ان کے دل کا بخار ہلکا ہوا تو فرمایا : Iqbal has lost his friend and teacher. اقبال اپنے استاد اور دوست سے محروم ہو گیا۔ لیکن عجیب بات ہے کہ اتنے گہرے روابط اور تعلقِ خاطر کے باوجود جب میں نے آرنلڈ کے مرتبہء استشراق اور اسلام...