امن و اخوت عدل ومحبت وحدت کا پرچار کرو

امن و اخوت عدل ومحبت وحدت کا پرچار کرو
انسانوں کی اس نگری میں انسانوں سے پیار کرو
آگ کے صحراؤں سے گزرو، خون کے دریا پار کرو
جو رستہ ہموار نہیں ہے، اس کو بھی ہموار کرو
دین بھی سچا تم بھی سچے، سچ کا ہی اظہار کرو
تاریکی میں روشن اپنی عظمت کے مینار کرو
نفرت کے شعلوں کو بجھا دو، پیار کی ٹھنڈی شبنم سے 
ہم دردی کی فصل اگاؤ، صحرا کو گل زار کرو
سچے روشن حرف لکھو، یہ ظلمت خود کٹ جائے گی
اپنے قلم کو تِیشہ کر لو، لہجے کو تلوار کرو
عزت، عظمت، شہرت یارو دامن میں اسلام کے ہے
وقت یہی ہے سنگ زنوں کو آئینہ کردار کرو
دنیا ہو یا دین کی منزل یکجہتی سے ملتی ہے
وحدت کا پیغام سنا کر ذہنوں کو بے دار کرو
انساں کو راحت نہ ملے گی، دنیا بھر کے "ازموں" سے 
اس دنیا میں نافذ لوگو حکم شہ ابرارﷺ کرو
سرخ سمندر والی لہریں دور بہا لے جائیں گی 
ہوش میں آؤ سبزہلالی پرچم کو پتوار کرو
سورج بننا مشکل ہے تو جگنو ہی بن جاؤ تم 
بھائی ہو تو بھائی کی خاطر اتنا تو ایثار کرو 
کچھ تو اپنے ہمسائے سے پیار کا رشتہ رہنے دو
اعجاز اپنے گھر کی اونچی اتنی مت دیوار کرو

شاعراعجاز رحمانی
کلام شاعر بزبان شاعر
https://www.youtube.com/watch?v=MeMTyskQoUo

تبصرے

مقبول ترین تحریریں

قرآں کی تلاوت کا مزا اور ہی کچھ ہے ​

احسن القصص سے کیا مراد ہے؟ سورۃ یوسف حاصل مطالعہ

درس قرآن نہ گر ہم نے بھلایا ہوتا

ابراھیم خلیل اللہ علیہ السلام

کارسازِما بہ فکر کارِ ما

کیا جزاک اللہ خیرا کے جواب میں وایاک کہنا بدعت ہے؟

نبی کریم ﷺ کی ازدواجی زندگی پر اعتراضات کا جواب

ہم اپنے دیس کی پہچان کو مٹنے نہیں دیں گے

اے وطن پاک وطن روح روان احرار