رمضان میں خواتین عبادت کا وقت کیسے نکالیں؟


السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
ہر سال رمضان میں  یہ سوال سامنے آتا ہے کہ: "خواتین رمضان میں عبادت کا وقت کیسے نکالیں؟"
پہلے  یہ سوچ لیا جائے کہ کیا کرنا ہے پھر وقت کا حساب لگا کر جدول بنا لیا جائے ۔ جب آپ کسی کام کا وقت مقرر کر لیتے ہیں اور پورے عزم سے عمل کرتے ہیں تو وہ  بآسانی ہو جاتا ہے ۔ رمضان میں باقی معمولات وہیں رہتے ہیں صرف دن میں روزہ اور رات میں قیام اللیل کرنا ہوتا ہے۔ زیادہ تر لڑکیاں روزہ تو رکھتی ہیں لیکن نجانے کیوں قیام اللیل کو نظرانداز کر دیتی ہیں۔ 
 میرے خیال میں رمضان میں خواتین کو صرف دو گھنٹے عبادت کے لیے نکالنے ہیں ۔ 
جیسا کہ پہلے گزر چکا، رمضان کی اہم ترین عبادت ہے روزہ اور قیام اللیل ، جو اس کو ایمان واجر کی امید کے ساتھ کرے اس کے گزشتہ گناہ معاف ہو جاتے ہیں ، اور روزے کے اجر کا وعدہ اللہ تعالی نے کیا ہے کہ وہ صرف میرے لیے ہے تو اس کی جزا بھی میں دوں گا جو اللہ سبحانہ و تعالی کی شان کے مطابق ہو گی ۔
1- روزہروزہ صرف اللہ کو معلوم ہے کہ آپ کا روزہ ہے ۔ اسی لیے اس کا اجر بھی اللہ تعالی نے اپنے پیارے بندوں سے چھپا لیا ہے وہ کیا ہو گا کتنا ہو گا اسے معلوم ہے اور اس کی عطا تو اس کی عطا ہو گی ۔روزے کے لیے الگ سے وقت نہیں نکالنا .
2-قیام اللیل اور دن کی پانچ نمازوں کا وقت نکال لیں تو وہ دو گھنٹے ہیں ۔ 
-پانچ فرض نمازوں کے ۳۰ سے ۴۰ منٹ + قیام اللیل یا تراویح کا ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ ۔
-فرض نمازیں: ان کو بالکل وقت پر ادا کریں ۔ اس میں کوئی دیر نہ کریں ۔ آپ کے رب کا آپ پر  مخلوق سے زیادہ حق ہے۔  
-تراویح یا رات کا قیام : جو ایک پارہ پڑھتے ہیں ان کا ایک گھنٹہ اور ڈیڑھ پارہ تلاوت کا ڈیڑھ گھنٹہ ۔ خواتین کے لیے بہتر ہے کہ ڈیڑھ پارہ تلاوت کریں تا کہ قرآن مجیدکا ایک دور مکمل کر سکیں ۔
- دوپہر میں ۴۰ منٹ قیلولہ ضرور کر لیں تا کہ رات کو تراویح پڑھ سکیں ۔ 
اگر آپ دن کا روزہ اور قیام اللیل کر لیتی ہیں تو فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم آپ کے لیے ہے : جس نے ایمان اور اجر کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اور رات کو قیام کیا اس کے پچھلے تمام گناہ بخش دئیے جاتے ہیں ۔  
اس کے علاوہ کچھ عبادات ہیں جن کا وقت نہیں نکالنا، خاموشی سے باقی کاموں کے ساتھ ہو سکتی ہیں وہ ہیں : 
توبہکچھ برائیوں کی فہرست بنا لیں جن سے اس رمضان میں توبہ کرنی ہے اور عزم کے ساتھ توبہ کرنی ہے ۔ اسی میں ہر برے کام سے اجتناب شامل ہے ۔ اپنا باریکی سے احتساب کریں اور اللہ کے ممنوع کردہ سب کاموں سے رک جائیں۔ اس میں دل کی عبادتیں شامل کر لیں ۔ حسد ، بغض ، کینہ نکال کر معافی ، محبت اور خلوص شامل کر لیں ۔ حدیث میں آیا کہ ندامت بھی توبہ ہے۔ دلی ندامت کا اظہار اپنے مہربان رب کے سامنے کر ڈالیں اور پہلا سارا حساب درست کر لیں۔ 
اللہ کا ذکر، دعا اور استغفارصبح و شام کے اذکار کے علاوہ اپنی زبان کو اللہ کے ذکر سے تر رکھیں ۔ وہ حدیث یاد رکھیں کہ ذکر کرنے والے اور والیاں سبقت لے گئے ۔ مسنون دعاوں کو ان کے اوقات میں پڑھتی رہیں ، کثرت سے اپنے اور اپنے والدین کے لیے استغفار کریں ۔ یہ دل و زبان کی عبادت ہے ہر وقت جاری رہ سکتی ہے ۔ 
صدقہچپکے سے اپنے پاس موجود انبار میں سے کچھ ایسی چیزیں کم کر دیں جو آپ کے اتنے کام نہیں آ رہیں ، کسی دوسرے کے بہت کام آ سکتی ہیں ۔ کبھی استعمال میں نہ آنے والی اشیا کے ڈھیر سنبھال کر اپنے پاس رکھنے کے بجائے اللہ تعالی کے پاس رکھوا دیں وہ ستر گنا بڑھا دے گا ۔ غیر ضروری اخراجات کو کم کریں اور بچت صدقہ کر دیں ، مثلا: فون کے بل میں بچت کریں اور وہ بچت صدقہ کر دیں، مہنگی کاسمیٹکس یا فون کے ماڈلز خریدنے کی دوڑ میں شامل ہونے کے بجائے اللہ کے ہاں صدقہ دینے والوں کی فہرست میں اپنا نام لکھوانے کی کوشش کریں ۔ 
تلاوت : جتنا قرآن مجید حفظ ہے کاموں کے دوران زیر لب تلاوت کرتی رہیں ۔ اگر اگر اگر مزید وقت نکال سکیں تو ایک ڈیڑھ پارہ روزانہ تلاوت کریں ۔ ایک قرآن قیام اللیل میں مکمل ہو جائے گا ، دوسرا عام تلاوت میں ۔ 
امر بالمعروف و نہی عن المنکر : اپنے پیارے رب کے لیے غیرت کرنا سیکھیں ، اپنے گھر میں اللہ کی نافرمانی کو برداشت نہ کریں ۔ ضرورت کے مطابق نرمی سختی سے برائی کو اپنے گھر سے باہر نکالیں اور نیکی کو رواج دیں ۔ 
جو بہنیں کچن کا کام سنبھال رہی ہیں ، روزے داروں کی خدمت کا عظیم  اجر سمیٹ رہی ہیں۔ اگر رمضان میں آپ کے پانچ سے چھ گھنٹے کچن میں لگ رہے ہیں تو دل برداشتہ نہ ہوں ۔ گھر کے سب کام حقوق العباد میں سے ہیں جو آپ ادا کر رہی ہیں اللہ آپ کو اس کا بہترین اجر دے ۔ سحری و افطاری میں سادگی کا خیال رکھیں ، اسراف اور دکھاوے سے بچیں ۔ کمزور پڑوسیوں اور رشتے داروں کو یاد رکھیں اور ان کو محسوس کروائے بغیر ان کی مدد کر دیں ۔ اگر گھر کے مرد رشتہ داروں پر مناسب خرچ کرنا چاہیں تو ان کو نہ روکیں ، ان کا ساتھ دیں۔ 
آخر میں ایک درخواست مجھے بھی دعا میں یاد رکھیے گا ۔ 


تبصرے

مقبول ترین تحریریں

قرآں کی تلاوت کا مزا اور ہی کچھ ہے ​

احسن القصص سے کیا مراد ہے؟ سورۃ یوسف حاصل مطالعہ

درس قرآن نہ گر ہم نے بھلایا ہوتا

ابراھیم خلیل اللہ علیہ السلام

کارسازِما بہ فکر کارِ ما

کیا جزاک اللہ خیرا کے جواب میں وایاک کہنا بدعت ہے؟

نبی کریم ﷺ کی ازدواجی زندگی پر اعتراضات کا جواب

امن و اخوت عدل ومحبت وحدت کا پرچار کرو

ہم اپنے دیس کی پہچان کو مٹنے نہیں دیں گے

اے وطن پاک وطن روح روان احرار